امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے اصل جنگ تو ابھی شروع ہی نہیں ہوئی اور جلد بڑی کارروائی کرنے جارہے ہیں۔امریکا میڈیا کو انٹرویو میں صدر نے کہا کہ ایپک فیوری آپریشن وقت سے پہلے ہی مکمل ہونے کا امکان ہے، ایران پر امریکی فوجی کارروائی کا اگلا مرحلہ انتہائی ہولناک ہو گا۔صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے ممالک پر ایران کے جوابی حملوں کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحرین، اردن، کویت، قطر، یواےای پر ایرانی حملے بڑا سرپرائز تھے۔انہوں نے بتایا کہ امریکا اور اسرائیل نے ہفتے کی صبح آپریشن ایپک فیوری حملے کیے جس میں ایران کے 49سینئر رہنماؤں کو ہلاک کیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 4 امریکی اہلکاروں کی ہلاکت پر مجھے افسوس ہے ایران بیلسٹک میزائل اور جوہری ہتھیار بنا رہا تھا ایران کے طویل فاصلے تک مار کرنیوالے میزائل خطرہ ہیں ہم نے ایران کو وارننگ دی تھی دوبارہ میزائل پروگرام شروع نہ کرے لیکن اس نے ہماری وارننگ کو نظر انداز کیا۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی میزائل صلاحیتوں کو تباہ کرنا پہلی ترجیح ہے ایرانی حکومت مشرق وسطیٰ کے لیے بڑا خطرہ ہے ہم ایران میں ایک طاقتور آپریشن کر رہے ہیں، ایران پر حملے میں ہر کوئی ہمارے ساتھ تھا یہ ہمارے لیے آخری موقع تھا کہ ایرانی حکومت سے لاحق خطرات کوختم کریں۔
