لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونیوالے ہائی آکٹین فیول پر لیوی 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں ہائی آکٹین فیول پر لیوی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نچلے اور درمیانے طبقے کے زیر استعمال عام گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں اور صرف لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ریگولر پیٹرول پرانی قیمت پر ہی ملے گا اور اس فیصلے سے پبلک ٹرانسپورٹ اور ہوائی جہازوں کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔وزیر اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق فیصلے سے حکومت کو ماہانہ 9 ارب روپے کی بچت ہوگی جس سے عوام کو ریلیف دیاجائے گا۔
