ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے مالی سال 25 – 2024 میں ترسیلی اور تقسیمی نقصانات سمیت کم وصولیوں کی مد میں قومی خزانے کو 472 ارب روپے نقصان پہنچایا ۔ نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی گزشتہ مالی سال کی کار کر دگی رپورٹ جاری کر دی ۔ نیپرا رپورٹ کے مطابق مالی سال 25 -2024 کے دوران ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے ترسیلی اور تقسیمی نقصانات کی مد میں 265 ارب روپے کا نقصان کیا ۔ سب سے زیادہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی پیسکو نے 87 ارب 48 کروڑ روپے نقصان کیا ۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی 52 ارب 41 کروڑ ، سکھر الیکٹرک پاور 36 ارب 4 کروڑ، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا 35 ارب 17 کروڑ روپے اور حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا 27 ارب ، 14 کروڑ روپے کا نقصان شامل ہے۔ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے 14 ارب روپے جبکہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے سب سے کم 2 ارب 97 کروڑ روپے کا نقصان کیا ۔ آئیسکو نے 4 ارب، 78 کروڑ اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کا نقصان ساڑھے 5 ارب روپے رہا ۔
