روس کی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ اور سابق صدر دیمتری میدودیف نے کہا ہےکہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومت بدلنے کی کوشش کا پاگل پن والا راستہ ترک نہ کیا تو یقینی طورپر تیسری عالمی جنگ شروع ہو جائے گی۔ایک انٹرویو میں دیمتری میدودیف نے کہا کہ ایران تو امریکا اور اسرائیل کے حملے جھیل لےگا، لیکن حملہ کرکے امریکا نے ایرانی قوم کو متحد کردیا ہے، ایران دگنی توانائی سے کوشش کرےگا کہ وہ نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرے۔انہوں نے کہا کہ ایران جنگ سے امریکا اور اسرائیل نے اپنے شہریوں کو زیادہ خطرے سے دوچارکردیا ہے، یہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جنگ ہے تاکہ وہ عالمی طور پر غلبہ قائم رکھ سکیں۔اگر ٹرمپ نے ایران میں حکومت بدلنے کی کوشش کا پاگل پن والا راستہ ترک نہ کیا تو یقینی طورپر تیسری عالمی جنگ شروع ہوجائے گی اور کوئی بھی بات اس کا نکتہ آغاز بن سکتی ہے۔ میدودیف نے یورپی رہنماؤں کو انتہائی احمق قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکاجانتا ہے روس سے نیوکلیئر تنازع کی قیمت کیا ادا کرنا پڑےگی، نیوکلیئرتنازع ہوا تو ہیروشیما اور ناگاساکی پر نیوکلیئر بم حملے بچوں کاکھیل نظرآئیں گے۔
