اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی ایم او ایس کی شکل میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کے حوالےسے ایک انتہائی مؤثر نظام تشکیل پا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت دیے گئے اہداف اور ٹائم لائنز میں کسی قسم کی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے پی ایم او ایس کو مزید بہتر اور کارگر بنانے اور اس حوالےسے متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور رابط بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی اور کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سرپرستی اور بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی، تاکہ جدید طریقوں سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے؛ اس کے ساتھ ساتھ، کاشتکاری کی لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کے لیے جدید زرعی مشینری کا استعمال ناگزیر ہے، جس کی کاشتکاروں تک آسان فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
