اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کرانے اور کیس 10 دن بعد دوبارہ مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔ا س موقع پر پراسیکیوٹر جنرل نیب سہیل ناصر اور پی ٹی آئی کے سینئر وکیل حامد خان بھی کمرہ عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے سزا کے خلاف اپیلوں پر حتمی دلائل طلب کر رکھے تھے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ نے ایک اور درخواست دی ہے، اب تو اپیلیں اس عدالت کے سامنے ہیں۔ اس کے علاوہ صحت اور ملاقاتوں کے معاملات سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں زیر التوا ہیں۔ ہم یہ چاہ رہے ہیں کہ آپ اپیلوں کے معاملے پر آجائیں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے 29 جون کا عدالتی آرڈر نکالنے کی ہدایت کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اس سے پہلے کا بھی ایک آرڈر موجود ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ آپ نے میری ملاقات کا حکم دیا تھا، آج تک ملاقات نہیں ہوئی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ کی نہیں بلکہ سلمان صفدر کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔ صحت سے متعلق درخواستیں آئینی عدالت میں زیر التوا ہیں۔ لطیف کھوسہ نے انڈرٹیکنگ دی تھی کہ دلائل دیں گے، ہم چاہتے ہیں آپ آج سے دلائل کا آغاز کردیں۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں نے بانی سے ملاقات کے ساتھ مشروط انڈرٹیکنگ دی تھی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ لطیف کھوسہ کی بانی سے ایک دو دن میں ملاقات کروا سکتے ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ میں چاہتا ہوں سردار صاحب کی جو رکاوٹ ہے دور کروں گا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آج میرا واسطہ سردار صاحب کے ساتھ ہے۔ آج سردار صاحب دو جملے بول کر اپیل شروع کردیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جو ہدایات عدالت نے دیں، کیا وہ اہم نہیں ہیں؟ سردار صاحب آج آپ یہاں پر رہیں، میں آپ سے آج اپیل شروع کرواؤں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جو انہوں نے وقت مانگا وہ میں نے دیا، دو گھنٹے بولیں یا چار گھنٹے بولیں، میں آج آپ سے شروع کرواؤں گا۔
