0

نیویارک میں تین منزلہ قدیم عمارت زمین بوس، 8 افراد ہلاک، 17 زخمی

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ واقعہ بروکلین کے علاقے فلیٹ بش میں پیش آیا تھا جہاں فلیٹ بش ایونیو اور بیڈفورڈ ایونیو کے قریب واقع تین منزلہ عمارت شام تقریباً 4 بجے اچانک ایک زیر تعمیر پلاٹ میں جاگری۔

حکام کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت 1930 میں تعمیر کی گئی تھی اور اس میں رہائشی فلیٹس کے ساتھ کاروباری جگہیں بھی موجود تھیں۔ عمارت کے بالکل ساتھ خالی پلاٹ پر نئی عمارت کی تعمیر کے لیے کھدائی کا کام جاری تھا۔

نیویارک کے محکمہ عمارت کے کمشنر احمد تیگانی کے مطابق جس وقت عمارت گری، وہاں تعمیراتی کارکن کھدائی میں مصروف تھے۔ عمارت کا ملبہ ساتھ موجود تعمیراتی گڑھے میں جاگرا، جبکہ ایک پڑوسی عمارت کی دیوار بھی منہدم ہوگئی اور اس کے اندرونی کمروں کا سامان باہر سے دکھائی دینے لگا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے مطابق تعمیراتی مقام پر اس سے قبل بھی خلاف ورزی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ رواں سال اپریل میں حکام نے وہاں انہدامی سرگرمیوں پر کام روکنے کا حکم دیا تھا، تاہم بعد میں اس خلاف ورزی کو حل شدہ قرار دے دیا گیا تھا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ عمارت گرنے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور ابھی تعمیراتی سرگرمیوں کو حادثے کی براہِ راست وجہ قرار نہیں دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں