خیبرپختونخوا کابینہ نے کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹانسز ترمیمی بل منظور کرلیا

0

خیبرپختونخوا کی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹانسز ترمیمی بل منظور کرلیا گیا، بل میں منشیات کی خرید وفروخت، کاروبار اور اسمگلنگ پرالگ الگ سزاؤں کا پہلی مرتبہ تعین کیا گیا ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹانسز ترمیمی بل وزیر برائے ایکسائز اینڈ انسداد منشیات خلیق الزماں نے پیش کیا، بل میں منشیات کی مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کی گئی ہے اور منشیات کی اقسام اور مقدار کی مناسبت سے سزا کا تعین کیا گیا ہے۔
نارکوٹکس سبسٹانس بل کے شق نمبر 9 میں ترمیم کرتے ہوئے ایک کلو سے زائد منشیات پر پھانسی اورعمر قید میں نرمی تجویز کی گئی ہے، قبل ازیں ایکٹ کے شق نمبر 9 کے سیکشن ڈی میں ایک کلو گرام سے زائد منشیات برآمد ہونے پر پھانسی اورعمرقید کی سزا دی جاتی تھی۔
نارکوٹکس سبسٹانس بل میں دس سے بیس کلو گرام ریکریشنل منشیات پر چودہ سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے، اسی طرح 20 کلو گرام سے زائد ریکریشنل ڈرگز پر زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا اور دو لاکھ جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔
بل میں ایک کلو گرام سے کم پوست برآمد ہونے پر زیادہ سے زیادہ چار سال قید اور بیس ہزار جرمانہ، پندرہ کلو گرام پوست سے زائد برآمد ہونے پر زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا اور تین لاکھ جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔
اسی طرح دس کلو گرام سے زائد چرس ہونے پر زیادہ سے زیادہ عمر قید اور آٹھ لاکھ تک جرمانہ، پانچ کلو گرام سے زائد حشیش آئل برآمد ہونے پر پر زیادہ سے زیادہ عمر قید سزا اور چار لاکھ جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں