نیٹ میٹرنگ صارفین سے خریدی گئی بجلی کے ٹیرف میں بڑی کمی کیے جانے کا امکان ہے۔
حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات جاری ہیں، جس میں ایک جانب بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بلز میں شامل جی ایس ٹی کم کرنے کی تجویز عالمی مالیاتی ادارے نے مسترد کردی ہے وہیں نیٹ میٹرنگ صارفین سے خریدی گئی بجلی کے ٹیرف میں بھی بڑی کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پاور پرچیزنگ کے حوالے سے اہم پلان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے شیئر کردیا ہے، جس کے مطابق نیٹ میٹرنگ والوں سے بجلی 10 روپے فی یونٹ تک خریدی جائے گی۔
پہلے نیٹ میٹرنگ صارفین سے پیداکی گئی بجلی 27 روپے یونٹ خریدی جارہی تھی، جس کے بعد اب آئی ایم ایف سے شیئر کیے گئے پلان میں 17 روپے کم کرکے 10 روپے فی یونٹ پر خریدنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے سوال کیا ہے کہ گرڈ چھوڑ کر آف گرڈ والے صارفین کے مسئلے کو کیسے حل کیا جائے گا، جس پر حکومت فی الحال اس پر کوئی واضح جواب یا پلان شیئر نہیں کر سکی ہے۔
مذاکرات میں پاور کمپنیز کے حوالے سے بھی آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں۔ علاوہ ازیں آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ گردشی قرضوں میں کمی کے لیے مالیاتی گنجائش کا استعمال کیا جائے۔