کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیےدفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈی جی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر شہر میں دفعہ 144 کے تحت شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کی ہے۔
کراچی میں ٹریفک حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہیوی گاڑیوں کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہور ہے ہیں، جس پر ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر کمشنر کراچی حسن نقوی نے ایک نوٹیفیکشن جا ری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک شہر میں ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی اور پابندی کا اطلاق مال بردار گاڑیوں پر بھی ہوگا۔
ہیوی ٹریفک کو سپرہاوے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا براستہ سلپ روڈ چلنے کی اجازت ہوگی، اسی طرح نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی براستہ منظر پیٹرول پمپ، یونس چورنگی، داؤد چورنگی سے جام صادق چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ ناردرن بائی سے پراچہ چوک، اسٹیٹ ایونیو، سیمنز چورنگی سے گلبائی ماڑی پورروڈ پر ہیوی ٹریفک کو آمدورفت کی اجازت ہوگی۔