پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والے دہشتگردوں کو عبرتناک شکست دیں گے، وزیراعظم

0

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والے دہشت گردوں کو عبرت ناک شکست دیں گے۔

ملک میں امن و امان کی صورت حال پر اہم جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ہمارا جہاد جاری رہے گا، دہشت گردوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف بھرپور اقدامات اور کاروائیوں کے حوالے سے تمام اداروں اور صوبوں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کے لیے وفاقی حکومت تمام صوبوں کی استعداد بڑھانے کے لیے بھرپور تعاون کرےگی۔ ہمیں آپس کے تمام اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان اور افسر دن رات دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف تمام ادارے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے اور اسمگلروں کو قانون کے شکنجے لایاجائے۔

شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ دہشت گردی کے خلاف بیانیے کے حوالے سے وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔

اجلاس کے شرکا کو ملک میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ نیکٹا میں نیشنل اینڈ پراونشل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمینٹ مرکز کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں