وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود ملک کو ڈیفالٹ سے بچاکر معیشت بحال اور استحکام کی جانب گامزن کیا ہے۔
پشاور میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کے دوران محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس نظام کو آسان اور بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں، ٹیکس پالیسی آفس کو آئندہ تین چار دنوں میں فعال کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو ملک کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے، بجٹ سازی سے قبل بزنس کمیونٹی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ تاجروں اور عوام کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی اور عوام نے گزشتہ ایک دہائی سے مشکلات کا سامنا کیا، وفاقی حکومت کو ان کا احساس اور مکمل ادراک ہے۔