مہمان ٹیم نے 114 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو 155 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس نے کامیندو مینڈس کی وکٹ حاصل کر کے ان کی دھننجیا ڈی سلوا کے ساتھ 90 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا۔
تاہم اس کے بعد پاکستانی بولرز کو کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
دھننجیا ڈی سلوا (167) اور کپتان کوشال مینڈس (117) نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 249 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور کھیل کے اختتام تک اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز تک پہنچا دیا۔
سری لنکا کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے لیے اب صرف 31 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کی جانب سے سری لنکا کی چاروں وکٹیں اسپیشلسٹ فاسٹ بولرز محمد عباس اور ثاقب خان نے حاصل کی ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ محض 10 فرسٹ کلاس میچز کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ بطور اسپیشلسٹ اسپنر ٹیم میں شامل آل راؤنڈر عرفات منہاس نے 17 فرسٹ کلاس میچز میں صرف 22 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ سعود شکیل (93)، طیب عارف (57)، عرفات منہاس (52)، محمد طحہٰ (51) اور کپتان بابر اعظم (50) نے نصف سنچریز اسکور کیں۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا 3، 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔
