پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشنز جاری ہیں جہاں گزشتہ 48 گھنٹوں کےدوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران میر علی میں فتنہ الخوارج کے 35 دہشتگرد ہلاک کیے گئے جب کہ اورکزئی میں کارروائی کے دوران مزید 8 خوارج مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچایاگیا، علاقوں کی کلیئرنس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جب کہ مواد میں دیسی ساختہ دھماکاخیز مواداور آئی ای ڈیز بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں 3 نومبر سے جاری خفیہ اطلاع پر کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 31 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا ہے۔
