0

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم: ملکی و عالمی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط

اسلام آباد:

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوگئے،وزیراعظم نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو معدنی وسائل کی تلاش کی دعوت دیتے ہوئے تحفظ کی یقین دہانی کرادی۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ دوروزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء (پی ایم آئی ایف 2026) جمعہ کو ختم ہوگیا۔

فورم کے دوران ایک اہم اعلان فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے کیا گیا، جس میں بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تانبے کے ذخائر کا تخمینہ 35 کروڑ ٹن لگایا۔ یہ تخمینہ اب تک تجزیے کے لیے دستیاب ڈرلنگ ڈیٹا کے تقریباً نصف کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اس اعلان نے پاکستان میں معدنیات کی تلاش کے وسیع امکانات اور فورم میں پیش کیے گئے سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید اجاگر کیا۔

میری منرلز نے بلوچستان میں سونے اور تانبے کے اپنے پہلے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) نے اعلان کیا کہ تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کے بعد بلوچستان کے ضلع چاغی میں کم از کم آٹھ پورفیری ذخائر میں تانبے اور سونے کی معدنی موجودگی دریافت کی گئی ہے۔

این آر ایل نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعلان بھی کیا۔

وفاقی وزیر برائے توانائی (پیٹرولیم ڈویڑن) علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت کے حامل اسٹریٹجک معدنیات کی تلاش پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے جدید جیوکیمیکل اور جیو فزیکل سرویز، ایکسپلوریشن ڈرلنگ اور جدید تجزیاتی ٹیکنالوجیز سے لیس جیو سائنس لیبارٹریوں کی بہتری کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں