0

سب کو برابر حقوق ملنے چاہئیں عام آدمی کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، وزیراعظم

یہ بات انہوں ںے اسلام آباد میں اپنا گھر اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ 100 ارب قرضوں کے اجرا پر یہ تقریب منعقد کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن خاندانوں کو عزت و وقار کے ساتھ گھر ملا ہے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن ہزاروں خاندانوں کیلئے خوشی کا دن ہے، محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم شروع ہوئی، پہلا منصوبہ آشیانہ قائد تھا، پھر آشیانہ اقبال اور پنجاب کے دیگر شہروں میں اس کا آغاز ہوا، پاکستان کے قیام کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے خون کے دریا عبور کیے۔

انہوں ںے کہا کہ ملک میں سب کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں، وفاق اور صوبوں کو مل کر دن رات کام کرنا ہوگا، وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، جن خاندانوں کو بینکوں کے ذریعے قرضے ملے ہیں، یہ قابل تحسین اقدام ہے، اس عمل میں نہ کرپشن ہوئی ہے نہ اقربا پروری، یہ بہت بڑی کامیابی ہے، اپنا گھر پروگرام کے تحت ساڑھے 6 ماہ میں 18 ہزار 500 گھروں کیلئے 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے، جو اب بڑھ کر 112 ارب روپے ہو چکے ہیں، 500 ارب روپے کے قرضے منظور ہو چکے ہیں، اگلے 6 ماہ میں ایک ہزارارب روپے کی ادائیگی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے دوبارہ تقریب منعقد کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنا گھر، اپنا آشیانہ پروگرام کے تحت گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں، شاہانہ گھروں کی ضرورت اشرافیہ کو ہوتی ہے، وہ دو دو اور چار چار کنال کے گھر بنا سکتے ہیں، گھر غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والوں کو چاہیے، ایک لاکھ، دو لاکھ یا پانچ لاکھ کی کوئی پابندی نہیں، غریبوں کے لیے جتنے گھر بنانے پڑے بنائیں گے، بینک قرضوں کی منظوری لائٹننگ اسپیڈ سے کریں، اس عمل میں کوئی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اس مقصد کے لیے جو بھی رکاوٹیں ہیں، انہیں مل بیٹھ کر دور کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں