بولٹن کے ایکسی لینسی ہال میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مانچسٹر کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، لارڈ میئرز، سیاسی و سماجی شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے اپنے خطاب میں کمیونٹی کی سہولت کے لیے پاسپورٹ، نادرا اور ویزہ اپائنٹمنٹس کی تعداد دگنی کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، دوطرفہ تعلقات اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے کا اعلان کیا۔ تقریب کے اختتام پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
