چند روز قبل ایک مارننگ شو کے دوران سارہ خان کی گفتگو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ اس میں وہ بتا رہی تھیں کہ ماضی میں معمولی باتوں پر بھی گھبرا جاتی تھیں اور کوئی چیز گم ہو جائے یا چوری ہو جائے تو شدید پریشانی میں مبتلا ہو جاتی تھیں۔ ان کے مطابق فلک شبیر کے ساتھ زندگی گزارنے کے بعد انہوں نے زیادہ پُرسکون رہنا سیکھا ہے، جبکہ اب وہ دوسروں کے جذبات اور احساسات کو بھی پہلے سے بہتر طور پر سمجھنے لگی ہیں۔
اسی گفتگو کے دوران میزبان نے ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کے کردار ابوبکر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ہر طرف اسی کردار کی بات ہو رہی ہے اور ناظرین کا خیال ہے کہ حقیقی زندگی میں ابوبکر جیسا شخص ملنا مشکل ہے۔ میزبان نے فلک شبیر کو بھی ابوبکر جیسا قرار دیا تو سارہ خان نے برجستہ کہا تھا کہ فلک تو ابوبکر کے بھی ابو ہیں۔
تاہم ڈرامے کی نئی قسط میں ابوبکر کے والد چوہدری امان علی گجر کی کہانی سامنے آنے کے بعد سارہ خان نے اپنے اس جملے پر نظرثانی کر لی۔ انہوں نے طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں فلک سے معذرت کرتے ہوئے اپنے سابقہ الفاظ واپس لے لیے۔
