فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پر او آئی سی اجلاس، نائب وزیراعظم شرکت کریں گے

0

فلسطین میں بگڑتی صورت حال اور اسرائیل کی جارحیت اور فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بات چیت کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار شرکت کریں گے۔

دفترخارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار مملکت سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور 7 مارچ کو جدہ میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سینئر حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں فلسطین میں بگڑتی صورت حال، اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بات چیت کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ اجلاس میں فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی کوششوں کے خلاف مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، پاکستان فلسطینی کاز کا ایک مضبوط حامی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مسئلے کو مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مسلسل اجاگر کرتا رہا ہے، آئندہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں نائب وزیر اعظم پاکستان کی فلسطینی عوام کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم فلسطینی عوام کے لیے غیر متزلزل حمایت پر ملک کے مؤقف کو اجاگر کریں گے، اسحاق ڈار اسرائیل کے تمام مقبوضہ علاقوں بشمول یروشلم سے مکمل انخلا کا مطالبہ کریں گے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ اسحاق ڈار فلسطینی عوام کی مزید بے دخلی کی ناقابل قبول تجاویز کی مذمت کریں گے اور فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حقوق کی بحالی پر زور دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں