شہرِ قائد میں ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے معاشی اثرات، پاکستان کا ہر شہری جنگ کا بوجھ اٹھا رہا ہے، عوام کو ریلیف دینا پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کے عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جنگ کا معاشی بوجھ پاکستان کا ہر شہری اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے، معاشی بحران کے باعث ڈیزل اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ جنگ کے خاتمے تک عوام کی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا انہوں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل وقت نہیں دیکھا، خطے میں اب تک امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آ رہا اور پوری دنیا میں حکومتوں کی توجہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ہمیشہ یہی طریقہ رہا ہے کہ معاشی بحران کے دوران عوام کا ساتھ دیا جائے اور انہیں مشکلات سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
