0

امریکا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خوفناک حادثہ؛ 2 طیارے ٹکراگئے؛ 166 مسافر سوار تھے

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹیکسی وے پر پیش آیا، جہاں ٹیکسی کرتے ہوئے دو بڑے طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔

کوپا ایئرلائنز کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے بعد ٹرمینل کی جانب بڑھ رہا تھا جبکہ یو پی ایس کا کارگو طیارہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا کے لیے روانگی کی تیاری میں ٹیکسی کررہا تھا۔

حکام کے مطابق کوپا ایئرلائنز کے بوئنگ 737 کا ایک ونگ ٹِپ یو پی ایس کے بوئنگ 767 کے اگلے حصے سے ٹکرا گیا، جس سے دونوں طیاروں کو نقصان پہنچا۔

کوپا ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ حادثے کے وقت اس کی پرواز میں 166 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔

ایئرلائن کے مطابق حادثے کے نتیجے میں دو مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں ایئرپورٹ پر موجود طبی عملے نے فوری طبی امداد فراہم کی، تاہم انہیں اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے اور حادثے کی تحقیقات کے دوران متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں