0

نیتن یاہو پر کرپشن کے سنگین مقدمات؛ اسرائیلی عدالت سے بڑا فیصلہ آگیا

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق بدھ کو یروشلم کی ضلعی عدالت میں سماعت کے دوران نیتن یاہو کو آج اہم عدالتی ریلیف مل گیا۔

عدالت نے حیران کن طور پر ان کے خلاف سنگین ترین مقدمے میں الزامات واپس لینے اور دوسرے مقدمے پر نظرثانی کرنے کی سفارش کردی۔

جج ریوکا فریڈمین فیلڈمین نے اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا کو بتایا کہ مقدمہ نمبر 4000 میں نیتن یاہو کو سزا ملنے کے امکانات کم ہیں اور استغاثہ کو اس مقدمے میں رشوت کے الزامات واپس لینے پر غور کرنا چاہیے۔

اس مقدمے میں الزام تھا کہ نیتن یاہو نے ٹیلی مواصلاتی کمپنی بیزک کے مالک شاؤل ایلووچ کو ایک ارب شیکل سے زائد مالیت کے سرکاری فوائد پہنچائے جس کے بدلے انہیں اپنی ویب سائٹ والا پر مثبت خبریں شائع کرانے میں مدد ملی۔

عدالت نے مقدمہ نمبر 2000 پر بھی شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ فرد جرم میں بیان کردہ اقدامات واقعی کوئی مجرمانہ فعل بنتے ہیں یا نہیں۔ اس مقدمے میں الزام ہے کہ نیتن یاہو نے ایک اخبار سے سازگار کوریج کے بدلے اس کے حریف اخبار کی اشاعت محدود کرنے کی کوشش کی۔

تیسرے مقدمے نمبر 1000 میں نیتن یاہو پر بیرون ملک کاروباری شخصیات سے مہنگے تحائف، سگار اور شیمپین وصول کرنے کے بدلے مبینہ سرکاری رعایتیں دینے کا الزام ہے۔ عدالت نے اس مقدمے کو کسی مناسب قانونی سمجھوتے کے ذریعے نمٹانے کی تجویز دی۔

اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ وہ عدالتی سفارشات کا استغاثہ کی ٹیم کے ساتھ جائزہ لیں گی تاہم ضلعی عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ سفارشات حتمی فیصلہ یا بریت نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں