وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (SUPARCO) کے دورے کے موقع پر چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر موجود پہلے پاکستانی خلاء نورد محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کی۔
وزیراعظم کی جانب سے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دی اور کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے، محمد ذیشان علی پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، ان کی کامیابی پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے محمد ذیشان علی کے اہلِ خانہ کو بھی مبارکباد دی گئی، وزیراعظم کی محمد ذیشان علی کی تربیت اور تیاری میں معاونت کرنے والے تمام ماہرین اور ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے مشن میں شریک چینی خلا بازوں کو بھی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں، محمد ذیشان علی کی کامیابی نے نئی سرحدوں اور خلائی تحقیق کے نئے امکانات کے دروازے کھول دیے ہیں، محنت، مقصد سے وابستگی، مسلسل کوششوں اور غیر متزلزل عزم نے محمد ذیشان علی کو اس تاریخی مقام تک پہنچایا، محمد ذیشان علی کی کامیابی پاکستان کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کی عکاس ہے۔
