لاریسا کے مطابق آریان ایک ذہین اور پُرعزم انسان ہیں، جو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل محنت کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کو لگتا ہے کہ آریان کے پاس پہلے ہی سب کچھ موجود ہے، لیکن اس کے باوجود وہ اپنی پسند کے کام اور مستقبل کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ آریان اپنے مضبوط ارادوں کے باعث ایک دن اپنی منزل ضرور حاصل کرلیں گے۔
لاریسا نے شاہ رخ خان کے خاندان کے ساتھ اپنے تعلق کو بھی خاص قرار دیا اور بالی ووڈ سپر اسٹار کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ ان کے بقول شاہ رخ خان ہمیشہ نمبر ون رہیں گے۔ ان کی مقبولیت کے ساتھ ساتھ کیریئر کو آگے بڑھانے کا انداز بھی قابلِ تقلید ہے اور دوسرے فنکار اس سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
اداکارہ نے آریان خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آریان کی پہلی ویب سیریز کے سیٹ پر جاچکی ہیں اور وہاں ان کے کام کرنے کے انداز کو قریب سے دیکھا ہے۔ وہ مستقبل میں ان کی ہدایت کاری میں کسی پروجیکٹ کا حصہ بننا چاہیں گی۔
31 سالہ لاریسا بونسی کا تعلق برازیل سے ہے۔ وہ تقریباً 16 برس قبل کام کی تلاش میں بھارت منتقل ہوئی تھیں۔ ابتدا میں ممبئی ان کے لیے بالکل نیا شہر تھا، لیکن وقت کے ساتھ یہ شہر ان کا گھر بن گیا۔ بھارتی تفریحی صنعت میں جگہ بنانے کے دوران انہیں کئی مشکلات اور اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ کسی دوسرے ملک سے آکر ایک نئی فلمی صنعت میں اپنی شناخت قائم کرنا آسان نہیں تھا۔
لاریسا نے بتایا کہ انہوں نے ہندی زبان سیکھنے کے لیے باقاعدہ کلاسز لینے کے بجائے روزمرہ زندگی میں لوگوں سے بات چیت کا سہارا لیا۔ یہاں تک کہ رکشہ ڈرائیوروں سے گفتگو بھی ان کی زبان سیکھنے کے عمل کا حصہ رہی۔
