وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متلعق حکومت کے پاس نہ کوئی ڈھیل ہے نہ ڈیل۔مقامی میڈیا ہاوس سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی جن کے کیسز بنے تھے انہیں عدالتوں سے ریلیف ملا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جو بہترین علاج ہوسکتا ہے وہ ہوا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اسے ریگولیٹ کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کو کہتے ہیں کہ آپ ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں، ہم انہیں کہتے ہیں دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں کو بھرپور سپورٹ کریں۔وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی پر جو پالیسی آج اپنائی گئی ہے اسے پہلے اپنانا چاہیے تھا، اگر چند سال قبل یہ پالیسی اپنائی جاتی تو دہشتگردی کا نام و نشان نہ رہتا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے 4 ماہ قبل افغانستان کو پیغام دیا تھا، افغانستان کو بتادیا تھا کہ دہشت گرد اور پاکستان میں کسی ایک کا انتخاب کرلیں۔ افغانستان کو بات سمجھ نہیں آئی تو ردعمل دیا گیا۔ جب جب دہشت گرد افغانستان سے پاکستان پر حملے کریں گے ردعمل دیا جائے گا۔
