0

ایران پرحملے کا وقت آن پہنچا،امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا اسرائیل کا دورہ  بغیر کسی وجہ کےمؤخر

مارکو روبیو نے اسرائیل کا دورہ بغیر وجہ بتائے مؤخر کر دیا ہے، روبیو کو رواں ہفتے اسرائیل کا دورہ کرنا تھا، تاہم امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ نے سیکیورٹی صورت حال کے باعث دورہ منسوخ کیا ہے۔مارکو روبیو کو ہفتہ کو اسرائیل پہنچنا تھا لیکن اب وہ متوقع طور پر 2 مارچ کو اسرائیل پہنچیں گے۔ یعنی اب روبیو کا دورہ امریکا ایران جوہری مذاکرات کے تیسرے دور کے بعد ہوگا، جو جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والے ہیں۔پچھلے دو ادوار کی مانند جمعرات کے مذاکرات بھی عمانی حکام کی نگرانی میں ہوں گے اور ان میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ایرانی حکام سے توقع ہے کہ وہ ملاقات سے قبل امریکی وفد کو جوہری معاہدے سے متعلق ایک جامع تجویز پیش کریں گے۔ اس تجویز کا امریکی حکام جائزہ لیں گے اور اس پر عمان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران گفتگو کی جائے گی۔

اتوار کو شائع ہونے والی نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے بتایا ہے کہ اگر مذاکرات کے نتیجے میں ایران جوہری سرگرمیوں میں کمی کے حوالے سے ٹرمپ کے مطالبات کے سامنے ’’سر تسلیمِ خم‘‘ کرنے سے انکار کر دے گا، تو امریکی صدر ایران کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے ایک بڑے حملے پر بھی غور کر چکے ہیں۔اتوار ہی کی روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران حملوں سے بچنے اور امریکی پابندیوں میں نرمی کے حصول کی خاطر جوہری معاملات میں رعایتیں دینے پر آمادہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں