کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے گزشتہ روز اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کردی۔
کیمبرج انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 12 مئی کو اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ قبل از وقت شیئر کیا گیا۔
انتظامیہ نے بتایاکہ احتیاطی تدابیر کے تحت کیمبرج انٹرنیشنل اے لیول میتھمیٹکس پیپر 32 (9709) کا امتحان ملتوی کر رہے ہیں، نیا پیپر بعد میں لیا جائے گا۔
کیمبرج انتظامیہ کے مطابق یہ پرچہ پاکستان میں 15 مئی جمعے کو ہونا تھا، امتحانی تاریخ کا اعلان 22 مئی تک کر دیا جائے گا۔
کیمبرج انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اضافی سکیورٹی اقدامات کے طور پر کیا، اسکولوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق تفصیلی معلومات22 مئی تک فراہم کریں گے۔
انتظامیہ کے مطابق کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول کے نتائج جاری کرنے کی تاریخ 11 اگست برقرار رہے گی۔
دوسری جانب کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا کہ امتحانی سیزن میں جس نوعیت کی پیپر چوری سامنے آ رہی ہے، وہ غیر معمولی ہے، انہوں نے بتایاکہ کچھ عناصر امتحانی نظام اور طلبہ کے مستقبل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ذمہ دار عناصر کو روکنے اور سزا دلوانے کے لیے مختلف قانونی راستے اختیار کر رہے ہیں۔
