0

گلاسگو میں قونصل جنرل رانا ثمر جاوید کے اعزاز میں عشائیہ، پاکستانی کمیونٹی کا بھرپور اعتماد کا اظہار

گلاسگو کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات کی جانب سے قونصلیٹ آف پاکستان اسکاٹ لینڈ و ناردرن آئرلینڈ کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید تھے۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے معزز افراد، سماجی شخصیات، کاروباری رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس تقریب کا اہتمام سعد سکندر سیال، نوید اصغر رانا، ولید نظام، علی حیدر، ملک رفت، عاطف ملک اور رانا حامد افضل نے مشترکہ طور پر کیا۔

تقریب کے دوران شرکاء نے قونصل جنرل پاکستان رانا ثمر جاوید اور قونصلیٹ کے افسران و عملے کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ قونصلیٹ آف پاکستان بیرونِ ملک پاکستان کی نمائندہ شناخت ہے اور اس ادارے کے وقار، عزت اور ساکھ کا براہِ راست تعلق پاکستان کے وقار سے ہے۔

مقررین نے اس امر کو سراہا کہ قونصل جنرل رانا ثمر جاوید اور ان کی ٹیم نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل، عوامی رسائی میں بہتری، نادرا اور شناختی دستاویزات سے متعلق سہولیات کی فراہمی اور ہنگامی حالات میں کمیونٹی کی معاونت کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ کا عملہ دن رات، حتیٰ کہ تعطیلات اور ہنگامی حالات میں بھی پاکستانیوں کی خدمت کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہا ہے، جس پر پوری کمیونٹی انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ذاتی مفادات، سستی شہرت یا انا کی تسکین کے لیے قومی اداروں اور پاکستان کی نمائندہ شخصیات کو نشانہ بنانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے بلکہ اس سے بیرونِ ملک پاکستان کے وقار کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی کمیونٹی ایسے منفی اور شرپسند رویوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتی اور نہ ہی ایسے عناصر کو کمیونٹی کی نمائندگی کا حق حاصل ہے۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی کمیونٹی قونصل جنرل پاکستان، قونصلیٹ کے افسران اور عملے کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مثبت کاوشوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

تقریب کے اختتام پر میزبانوں نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی کمیونٹی اور قونصلیٹ کے درمیان اعتماد، تعاون اور باہمی احترام کا یہ رشتہ مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں