فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امید ہے معاہدے سے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت ختم ہوگی، امید ہے معاہدہ علاقائی مسائل میں مثبت اثرات کا حامل ہوگا۔
حماس نے کہا کہ معاہدے سے لبنان اور دیگر محاذوں پر ہونے والے حملے رُکنے کی بھی امید ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی، بھوک مسلط کرنے، جبری بے دخلی کی اسرائیلی جنگ جاری رہنے تک خطے میں امن نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے تصدیق کر دی ہے کہ مفاہمتی یادداشت پر امریکا اور ایران نے دستخط کر دیے ہیں۔
امریکا کی طرف سے صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے دستخط کیے۔ امریکی نائب صدر نے بتایاکہ ایران کی طرف سے ایرانی پارلیمانی اسپیکر باقر قالیباف نے دستخط کیے۔
