اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہےکہ خواجہ آصف نے جو بات کی وہاں آئی ایس آئی افسران ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلز پر اپنی ان پٹ دے رہے تھے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں خواجہ آصف کی بات کا جواب دیتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف نےکل کہا میرے گھر میں آئی ایس آئی کے ساتھ میٹنگز ہوتی تھیں، ایک تو یہ گھر اسد قیصر کا نہیں اسپیکر قومی اسمبلی کا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میں تو ایف اے ٹی ایف کے بلز پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کررہا تھا، آئی ایس آئی افسران اینٹی منی لانڈرنگ اورایف اے ٹی ایف سے متعلقہ بلز پر اپنی ان پٹ دے رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے ضمیر پر بوجھ ہے، وہ بتائیں 8 کہ فروری 2024کا الیکشن کیا ان کے ضمیر پر بوجھ نہیں؟ کیا خواجہ آصف ریحانہ ڈار سے بہت بڑی لیڈ سے نہیں ہارے تھے ؟
اسدقیصر کا کہنا تھا کہ اگر خواجہ آصف کے ضمیر پر بوجھ ہے تو چوری کی گئی سیٹ سے استعفیٰ دیں اور ضمیر کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے آئیں، دوبارہ ریحانہ ڈار سے الیکشن لڑلیں۔
