0

میسی کے والد کے انتقال کی جھوٹی خبر سُنانے پر ٹی وی پریزینٹر نے استعفیٰ دیدیا

فٹبال کے اسٹار کھلاڑی میسی کے والد کے انتقال کی جھوٹی خبر سُنانے پر ارجنٹینا کی ٹیلی وژن پریزینٹر نے میسی کی فیملی سے معافی مانگنے کے بعد استعفیٰ دے دیا۔

‘میں کوئی بری خبر دینا نہیں چاہتی لیکن آپ کو بتائیں کہ میسی کے والد ابھی ابھی وفات پاگئے ہیں، یہ سب کچھ اچانک ہوا’۔

یہ الفاظ تھے 51 سالہ ٹی وی ہوسٹ فلورینسیا پینا کے جنہوں نے میسی کے والد کی وفات کی خبر ایک لائیو شو کے دوران سُنائی، سوشل میڈیا کے ذریعے یہ خبر جلد ہی پھیل گئی اور پورے ارجنٹینا میں ایک سوگ کی سی کیفیت پیدا ہوگئی، اسی دوران پینا نے وضاحت کی کہ وفات کی خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ خبر جب میسی کی فیملی تک پہنچی تو انہوں نے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ضرور ہے کہ میسی کے والد کی طبیعت خراب ہے اور ایک نامعلوم بیماری کے سلسلے میں ان کا علاج جاری ہے لیکن وہ صحتیاب ہورہے ہیں۔

اس بیان کے بعد ٹی وی ہوسٹ پینا نے سوشل میڈیا پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ فیملی سے شرمندہ ہیں، انہیں یہ خبر ان کی پروڈکشن ٹیم نے دی تھی جس کا انہوں نے اعتبار کرلیا، وہ غلطی کا حصہ بننے پر شرمندہ ہیں اور استعفیٰ دے رہی ہیں۔

دوسری جانب ٹی وی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں