0

پی ٹی آئی نے 2018 کے انتخابات کی تحقیقات کا وزیر اعظم کا چیلنج قبول کر لیا

اسلام آباد (24 جون 2026): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 2018 کے عام انتخابات کی تحقیقات کا وزیر اعظم شہباز شریف کا چیلنج قبول کر لیا۔

وزیر اعظم کی جانب سے 2018 کے انتخابات کی تحقیقات کے چیلنج پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم شہباز شریف کا یہ چیلنج کھلے دل سے قبول کرتے ہیں، الیکشن 2018 کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ تحقیقات صرف 2018 نہیں بلکہ 2024 کے انتخابات کی بھی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2014، 2018 اور 2024 ان تمام انتخابات کا جامع جائزہ لیا جائے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 2014 میں صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، چار حلقے کھلنے پر سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں، اُس وقت کی حکومت نے وسیع تحقیقات سے گریز کیا۔

ان کے مطابق 2018 کے بعد عمران خان نے ہر حلقہ کھولنے کی پیشکش کی تھی، اپوزیشن جس حلقے کی نشاندہی کرتی پی ٹی آئی حکومت اسے کھولنے کیلیے تیار تھی، 2024 کے انتخابات میں انتخابی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھے، سیاسی انتقام اور امیدواروں کو جیلوں میں ڈالنے کے واقعات سامنے آئے، انتخابی نشان چھین کر انتخابی عمل کو متاثر کیا گیا، انتخابی عمل پر غیر معمولی دباؤ ڈال کر نتائج تبدیل کیے گئے۔

پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ آزاد، بااختیار اور غیر جانبدار کمیشن تشکیل دیا جائے، تمام انتخابات کی شفاف تحقیقات قوم کے سامنے لائی جائیں، حقیقت سے فرار ممکن نہیں کیونکہ فیصلہ اب قوم نے کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں