ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد قائم کرنے کے لیے ایک طاقتور مسلم بلاک کے قیام کی تجویز پیش کردی
یہ مسلم بلاک مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور پورے خطے میں امن و استحکام کو آگے بڑھانے کے قابل ہو۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسعود پزشکیان نے اسلام آباد میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران خطے میں امن قائم کرنے اور ثالثی کے لیے تعمیری کوششوں پر پاکستانی حکومت، عوام اور ملک کی عسکری قیادت کی تعریف کی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کے سفارتی اقدامات مسلم ممالک کے درمیان یکجہتی کی اہمیت پر اس کے یقین کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹجک سیکٹرز میں وسیع تر تعاون کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی دنیا اہم سیاسی، اقتصادی اور انسانی صلاحیتوں کی حامل ہے، اس لیے مسلم ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی علاقائی بحرانوں کو حل کرنے اور مشکلات سے نکلنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔
