0

ممتاز عالم دین مولانا سید سلمان حسینی ندوی انتقال کرگئے

بھارت کے ممتاز  عالم دین ، مصنف اور خطیب  مولانا سید سلمان حسینی ندوی 72 سال کی عمر میں لکھنؤ میں انتقال کرگئے۔

ان کے انتقال کی خبر ان کے آفیشل فیس بک پیج پر جاری کی گئی جس کے مطابق ان کی تدفین و نماز جنازہ بعد نماز عصر جامعہ سید احمد شہید کٹولی ملیح آباد میں ہوگی۔

مولانا سید سلمان حسینی ندوی برصغیر کی معروف دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء میں استاد رہے، دینی، تعلیمی، فکری اور بین الاقوامی علمی حلقوں میں ان کی خدمات کو غیر معمولی اہمیت حاصل تھی۔

 ان کے انتقال کی خبر پر پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے علماء، مذہبی اداروں اور مختلف سماجی شخصیات نےگہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

مولانا سید سلمان حسینی ندوی عربی، اردو اور انگریزی زبانوں پر یکساں عبور رکھتے تھے۔ انہوں نے سیرت، حدیث، فقہ، دعوت، اسلامی فکر اور معاصر مسائل پر درجنوں کتابیں اور تحقیقی مقالات تصنیف کیے۔ وہ اپنی علمی خدمات کے ساتھ ساتھ بین المسالک ہم آہنگی کے لیے بھی سرگرم رہے۔

 آپ کی خطابت کا انداز مؤثر، علمی اور دل نشین تھا، جس کی وجہ سے برصغیر سمیت مختلف ممالک میں آپ کے بیانات کو بڑی پذیرائی حاصل ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں