اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے منگل کے روز وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں ،ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایک دیانتدار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ایرانی وزیرِ داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی کی انتھک کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔
ایرانی وزیرِ داخلہ نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے وزیراعظم کے تہران کے دورے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
