0

پاکستان آج سے جوہری سلامتی کے عالمی اجلاس کی میزبانی کرے گا

دفتر خارجہ نے بتایا کہ یہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا، چار روزہ اجلاس میں آئی اے ای اے اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔اجلاس کے دوران جوہری سلامتی سے متعلق تربیت کو بہتر بنانے، بین الاقوامی تعاون مضبوط کرنے اور اس شعبے میں تجربات کے تبادلے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔این ایس ایس سی نیٹ ورک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو ممالک کو علم کے تبادلے، باہمی رابطہ کاری اور صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے جوہری سلامتی سے متعلق تربیت اور معاونت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے۔دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں اس اجلاس کی میزبانی بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور کردار کی عکاسی کرتی ہے۔پاکستان، جہاں جوہری بجلی گھر اور تحقیقی مراکز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی حفاظتی نگرانی کے تحت کام کرتے ہیں، بین الاقوامی شراکت داریوں اور تربیتی اقدامات سمیت مختلف مواقع پر جوہری تحفظ اور سلامتی کی اہمیت پر زور دیتا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں