0

کراچی: زیر تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق،14 زخمی، مزید لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ

ریسکیوحکام کے مطابق بلوچ کالونی شارع فیصل کے قریب عمارت گرنے کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ ، ریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کے نمائندے موقع پر روانہ ہو گئے، ہیوی مشینری بھی جائے حادثہ پر طلب کرلی گئی۔

امدادی ادارے 1122 کے ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیم نے کے ای سی ایچ ایس بلاک 4، قبا مسجد کے قریب منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے سے 3 لاشیں اور 14 زخمی افراد کو نکال کر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق 14 زخمیوں میں نادر حسین ولد علی نواز عمر 39 سال، احمد ولد ظفر عمر 17 سال، لال خان ولد شوکت علی عمر 35 سال، عزیز الحق ولد حبیب الرحمان عمر 22 سال، روح اللہ ولد محمود جان عمر 22 سال، نوید ولد مشاقت خان عمر 24 سال، واصل خان ولد خان محمد عمر 25 سال، بلال ولد روح اللہ عمر 25 سال، ایک نامعلوم شخص عمر 25 سال، عطاء اللہ ولد تاج بار خان عمر 26 سال، عزیز الحق ولد نبی داد عمر 20 سال، وقار خان عمر 22 سال، ایم احسن ولد ایم اکرم عمر 22 سال، ایم مکی ولد اللہ دتہ عمر 35 سال شامل ہیں۔

ملبے میں دبے مزید ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں