اسلام آباد (24 جون 2026): امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے رواں سال کے آخر میں دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔
پرائم منسٹر آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق امیر قطر نے وزیر اعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی، اور ان کی قیادت کو سراہا، شیخ تمیم بن حمدالثانی نے پاکستان کی امن کی کوششوں کیلیے قطر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے امن کی کوششوں میں مسلسل اور بھرپور تعاون پر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور قطر سمیت برادر ممالک کی بدولت ممکن ہوئی۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ میں امریکا ایران تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے اتفاق کیا کہ مثبت پیشرفت جاری رہنی چاہیے تاکہ مذاکرات کامیاب ہو سکیں، مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ شیخ تمیم بن حمدالثانی نے برزان گیس تنصیب واقعے میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا، وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے امیر قطر کی ہمدردی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دوحہ کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے شیخ تمیم بن حمدالثانی نے قبول کرتے ہوئے رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
