ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محمد باقر ذوالقدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ ایرانی عوام سے احترام کے ساتھ بات کریں۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق باقر ذوالقدر نے ٹرمپ کو کہا کہ ’آپ نے اس سے پہلے بھی 250 سالہ تاریخ رکھنے والے ایک کمزور ملک کے رہنما کے طور پر ایران کی ہزاروں سال پرانی تہذیب کے خاتمے کی بات کی تھی جس کا نتیجہ صرف آپ کی شکست، مایوسی اور مذاکرات و جنگ بندی کی درخواستوں کی صورت میں نکلا۔ ایرانی قوم دھمکیوں کی زبان سے ناآشنا ہے‘۔
باقر ذوالقدر نے ٹرمپ کو خبردار کیا کہ ’ایرانی عوام کے ساتھ سے احترام سے بات کریں، ورنہ ہم آپ کو مختلف زبان میں جواب دیں گے‘۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کے وزیر ثقافت سید عباس صالحی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے امریکی بیانات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ’دشمنوں نے دھونس اور دھمکی کی زبان ترک نہیں کی۔ اگر آپ نے اپنی سابقہ شکستوں سے سبق نہیں سیکھا تو اپنے شہید رہنما کو الوداع کہنے کے لیے لاکھوں ایرانیوں کی پرجوش شرکت سے ہی سبق حاصل کریں۔ ایران اپنے حقوق سے نہ دفاع میں پیچھے ہٹے گا اور نہ سفارت کاری میں۔ آپ ایک مختلف قوم کا سامنا کر رہے ہیں، اپنی بے ربط باتوں سے مزید رسوائی نہ سمیٹیں‘۔
