0

نوجوان پاکستانی فٹبالرز اہم ٹورنامنٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) میں طویل مدتی پلاننگ کے فقدان کے سبب ایک مرتبہ پھر پاکستان کے نوجوان فٹبالرز ایک اہم ٹورنامنٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے ہیں۔

ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے انڈر 20 ایشین کپ 2027 کے کوالیفائنگ مرحلے کے ڈراز جاری کردیے ہیں، تاہم پاکستان اس ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث قومی انڈر 20 ٹیم کو کوالیفائرز میں نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ایف ایف نے اپریل میں ہی اے ایف سی کو فیصلے سے آگاہ کردیا تھا۔

تاہم ایونٹ میں پاکستان کی عدم شرکت اور اس پر سوالات اس وقت ہی سامنے آئے جب اے ایف سی نے ایونٹ کے ڈراز کا اعلان کیا جس میں پاکستان کا نام شامل نہیں تھا۔

ایشین انڈر 20 کپ کے کوالیفائرز رواں سال اگست میں منعقد ہوں گے جبکہ اے ایف سی انڈر 20 ایشین کپ 2027 اگلے سال چین میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان مسلسل تیسری مرتبہ اس ایج گروپ کے اے ایف سی ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے جس سے نوجوان فٹبالرز ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار سے محروم رہ جائیں گے۔

فٹبال حلقوں میں سوال کیا جا رہا ہے کہ فیڈریشن آخر نوجوان ٹیموں کے لیے بھی بنیادی فنڈز کا انتظام کیوں نہیں کر پا رہی۔

پاکستان میں فٹبال گزشتہ چند سال کے دوران انتظامی بحران، غیر یقینی صورتحال اور ناقص منصوبہ بندی کا شکار ہے جس کی وجہ سے اس کو پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم گزشتہ سال الیکشن کے بعد توقعات تھیں کہ شاید اب معاملات بہتر ہوجائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں