اسلام آباد: ون کانسٹیٹیوشن ایونیو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اپارٹمنٹ کے نئے سب لیز ہولڈر نے عدالت سے رجوع کرلیا۔
شاہد نصیر نے پراجیکٹ کے ٹاور سی میں بانی پی ٹی آئی کا اپارٹمنٹ سب لیز پر حاصل کیا تھا۔
شاہد نصیر اور زینب احسن نےکیس میں پارٹی بننے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی ہے۔
متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ 5 سب لیز ہولڈرز کو انٹراکورٹ اپیل میں بطور اپیل کنندہ شامل کیا جائے، ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے اپارٹمنٹس قانونی طور پر حاصل کیے، درخواست گزاروں کو انٹراکورٹ اپیل میں پارٹی بنانے کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواستیں کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہیں، جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل بینچ سماعت کرےگا۔
عدالت نے تھرڈ پارٹی رائٹس کے تحت انٹراکورٹ اپیلوں میں اپیل کنندگان کو اسٹے دیا ہے اور عدالت نے سب لیز ہولڈرز اپارٹمنٹ مالکان کو بے دخل کرنے سے روک رکھا ہے۔
خیال رہے کہ سی ڈی اے نے عمارت کی تعمیر کےلیے عمارت کی لیز منسوخ کر دی تھی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے لیز منسوخی کو قانونی قرار دیا تھا۔
