پاکستان نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے خلاف دھمکیوں کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں کو دھمکیاں ناقابلِ قبول ہیں، پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو خطرہ قومی سلامتی کے خلاف خطرہ تصور کیا جائے گا، پاکستان اپنے بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اور قانونی اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کر رکھا ہے، بحیرہ احمر میں جہاز رانی کا تحفظ اور عالمی تجارت کا تسلسل یقینی بنایا جائے، تمام فریقین بین الاقوامی قانون کا احترام کریں اور کشیدگی کم کریں۔
خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر اگر حوثیوں نے بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکا کو معاملہ خود سنبھالنا پڑےگا، امریکا اس کا جواب دےگا۔
