0

پاکستان اور اٹلی کا 20 ملین یورو کے رعایتی قرضے کا معاہدہ

پاکستان اور اٹلی کے درمیان 20ملین یورو کے رعایتی قرضے کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری محمدحمیر کریم اور اطالوی سفیر ماریلینا آرمیلین نے دستخط کیے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان کےتکنیکی وپیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے نظام کو زرعی شعبے میں مضبوط بنایا جائے گا  اوراعلیٰ قدر کی حامل زرعی فصلوں کی ترقی اور زرعی و غذائی ویلیو چینز کو مضبوط بنایا جائے گا۔

اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ باغبانی کی پیداوار، پراسیسنگ اور مارکیٹنگ سے وابستہ افراد کے لیے خصوصی تربیتی مراکز قائم ہوں گے جس میں زیتون، پستہ، کھجور، مشروم، چیری، انگور، آڑو اور بادام جیسی فصلوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وزارت نے بتایا کہ 42ماہ پر مشتمل پروگرام کے دوران مجموعی طور پر 720 تربیتی کورسز منعقد کیے جائیں گے، زراعت کے شعبے کے لیے 11 معیاری تربیتی نصاب بھی تیار کیے جائیں گے جب کہ 12 ماڈل باغات اورنرسریاں قائم کی جائیں گی۔

موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ 8 ماحول دوست دیہات بنائے جائیں گے اور 5 زرعی و غذائی پراسیسنگ یونٹس اور 2 قومی مراکزِ امتیاز قائم ہوں گے۔ سرگودھا میں کینو و مالٹے اور تربت میں کھجور کی پیداوار کے لیے قومی مراکز امتیاز بنیں گے۔

صوبائی محکمہ زراعت کے تعاون سے پاکستان آئل سیڈڈپارٹمنٹ منصوبے پر عملدرآمد کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں