اوراب ایک نظرسپورٹس کی خبروں پر
ایک اور ٹیسٹ ایک اور شکست! ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
میرپور ڈھاکہ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین 8 سے 12مئی 2026ء تک کھیلے گئے 2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کے پہلے معرکے سے ایک روز پہلے ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی بولے، اس بار ہم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنا چاہیں گے
ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر جب بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ کھو کر 152رنز بنائے تھے، ٹی 20 کپتان سلمان آغا بولے، اگر بنگلہ دیش نے ہمیں 60 اوورز میں پانچویں دن 260 رنز کا ہدف دیا، تو سمجھیں ٹیسٹ ہم جیت جائینگے۔
ٹیسٹ کے آخری دن بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شنٹو نے دوسری اننگز 9 وکٹ پر 240 رنز پر ڈیکلیئرڈ کی اور پہلی اننگز کی 27 رنز کی سبقت کیساتھ ٹیسٹ جیتنے کے لئے پاکستان کو 268 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی کرکٹ ٹیم محض 163رنز پر پویلین لوٹ گئی اور بنگلہ دیش نے پاکستان کو اپنی سرزمین پر پہلی بار ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے شکست دے دی۔
اگست 2024ء میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو پاکستان میں کھیلی جانیوالی ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے شکست دی تھی، مطلب ٹیسٹ کرکٹ میں بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف یہ مسلسل تیسری فتح ہے۔
شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود صرف ٹاس ہی جیتے، باقی ٹیسٹ کے پانچ دن 15 سیشنز کے دوران میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری رہا۔
بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شنٹو نے پہلی اننگز میں 101اور دوسری اننگز میں 87 رنز کی باری کھیلی، جس پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
