0

امریکا کا ایران کی سرکاری میڈیا رپورٹ پر دوٹوک ردعمل

واشنگٹن (27 مئی 2026): امریکا نے ایرانی سرکاری ٹی وی کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت سے متعلق نشر کی گئی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری حالیہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی میڈیا میں نشر کی گئی رپورٹ درست نہیں اور مذکورہ مفاہمتی یادداشت مکمل طور پر من گھڑت ہے۔

ایرانی سرکاری میڈٖیا کی جانب سے جاری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے ابتدائی اور غیرسرکاری مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کسی ایسے غیر سرکاری فریم ورک یا مفاہمتی مسودے کی کوئی حقیقت موجود نہیں ہے لہٰذا ایرانی سرکاری ٹی وی کی رپورٹ بے بنیاد دعوؤں پر مشتمل ہے۔

کوئی معاہدہ ہی نہیں ہوگا، ٹرمپ

دوسری جانب فاکس نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات کے حوالے سے وائٹ ہاؤس میں کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے، صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا ایران سے یا تو اچھی ڈیل کرے گا یا پھر کوئی معاہدہ ہی نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ ایرانی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو ایک ماہ کے اندر جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کرے گا جبکہ امریکا ایران کے اطراف تعینات اپنی فوجی موجودگی کم یا ختم کرے گا اور بحری ناکہ بندی اٹھا لے گا۔

اس کے علاوہ رپورٹ کے مطابق اگر 60 روز کے اندر فریقین کے درمیان حتمی معاہدہ طے پا گیا تو اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک پابند قرارداد کی صورت میں منظور کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں