0

ایران کے شہید سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی تدفین کے حوالے سے تیاریاں شروع

ایرانی حکام نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تدفین کے حوالے سے تیاریاں شروع کردیں۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق تہران کے نائب میئر برائے سماجی و ثقافتی امور محمد امین توکلی زادہ نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین سے متعلق نئی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تدفین سے قبل 3 روز تک عوامی  تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

محمد امین توکلی زادہ کے مطابق عوام کو تین روزہ سوگ کے دوران مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی تقریبات کے بعد نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی جس کے بعد باقاعدہ جلوس کا آغاز ہوگا۔ ان کے مطابق تہران میں یہ جلوس کم از کم 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

توکلی زادہ نے مزید بتایا کہ اس کے بعد تقریبات ایران کے اہم مذہبی مراکز قم اور مشہد میں بھی جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق سید علی خامنہ ای کی خواہشات کے مطابق تدفین مشہد میں امام رضا کے روضے کے قریب کیے جانے کا امکان ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ ممکنہ طور پر ملک کی جدید تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماعات میں سے ایک ہوگا۔ توکلی زادہ نے بتایا کہ تہران میں انتظامات اس انداز سے کیے جارہے ہیں کہ ایک کروڑ 50 لاکھ سے 2 کروڑ افراد ان تقریبات میں شریک ہو سکتے ہیں۔

ان کے مطابق انتظامات کی مجموعی نگرانی ایران کی پاسدارانِ انقلاب کریں گے جبکہ میونسپل حکام اور دیگر ریاستی ادارے لاجسٹکس اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں معاونت کریں گے۔

خیال رہے کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای ایران جنگ کے آغاز میں ابتدائی امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں