اسلام آباد (24 جون 2026): دنیا کے تیز ترین اور پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر کے بڑے بھائی شاہد اختر انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کو گہرا صدمہ پہنچا ہے اور ان کے بڑے بھائی شاہد اختر انتقال کر گئے ہیں۔
شعیب اختر نے اپنے سوشل میڈیا پر پیغام میں بڑے بھائی کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مداحوں سمیت عوام سے ان کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔
سابق قومی کرکٹر نے اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ میرے پیارے بڑے بھائی شاہد اختر اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے پاس لوٹ گئے ہیں۔ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور اللہ تعالیٰ سے ان کی بخشش اور مغفرت کے لیے دعا کریں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم شاہد اختر کی نمازِ جنازہ آج اسلام آباد کے H-8 قبرستان میں ادا کی جائے گی جس میں اہل خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب شعیب اختر کے بڑے بھائی کے انتقال کی خبر پر کرکٹ کے حلقوں اور مداحوں کی جانب سے سابق کرکٹر سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
