0

اسرائیلی فوج کیجانب سے غزہ میں بچوں کو دانستہ نشانہ بنایا گیا، یو این رپورٹ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا

اقوام متحدہ کی  رپورٹ  نے غزہ  میں بچوں کے خلاف مبینہ مظالم  پر دنیا کو جھنجھوڑ  دیا ہے۔

غزہ میں اسرائیل کے جرائم کے حوالے سے اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق متعدد شواہد اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ فلسطینی بچوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا جو جنگی جرائم اور ممکنہ طور پر نسل کشی کے زمرے میں آسکتا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق  ایک واقعے میں  10 دن کے نومولود کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ اپنی ماں کی گود میں دودھ پی رہا تھا،  اسی نکتے پر یورپی پارلیمنٹ کے رکن بیری اینڈریوز نے بھی توجہ دلائی، جبکہ ایک چار سالہ بچی خیمے کے اندر سر میں گولی لگنے سے مستقل معذوری کا شکار ہوگئی۔

اقوامِ متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن نے دستاویزات اور شواہد کی بنیاد پر یہ بیان کیا ہےکہ اسرائیلی کواڈ کاپٹر ڈرونز کو شہریوں کو انتہائی درست نشانے سے ہدف بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ ڈرون گلیوں اور پناہ گزین کیمپوں کے اوپر منڈلاتے رہتے تھے اور مشینی شکاریوں کی طرح ہر اس شخص پر فائرنگ کرتے تھے جو حرکت کرتا دکھائی دیتا تھا۔

تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ پر عالمی ردعمل بھی شدید رہا ۔ ایرانی تجزیہ کار سید محمد مرندی نےکہا کہ جو لوگ نسل کشی کی بات کو مسترد کرتے تھے ، انہیں اب اس رپورٹ کا جواب دینا ہوگا۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اقوامِ متحدہ کے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کے نتائج پر گہری تشویش اور صدمےکا اظہار کرتا ہوں، رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطینی بچوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بے گناہ جانوں کا نقصان ہوا اور شدید انسانی مصائب جنم لے رہے ہیں۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ 20 ہزار سے زائد بچوں کی شہادت کی اطلاعات ہمارے اجتماعی انسانی ضمیر پر ایک سیاہ داغ ہیں۔ پاکستان ان مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے اور فوری احتساب کا مطالبہ کرتا ہے۔ بین الاقوامی برادری، خصوصاً بااثر ممالک کو چاہیے کہ وہ ان جرائم پر اسرائیل کو مؤثر جوابدہی اور حقیقی قیمت چکانے پر مجبور کریں اور ایسے مؤثر اقدامات کریں جو مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کر سکیں۔

سابق پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اسے اقوامِ متحدہ کی سب سے زیادہ چشم کشا اور سنگین رپورٹس میں سے ایک قرار دیا۔

اسرائیل نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے رپورٹ کو جانب دار اور بے بنیاد قرار دیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں