پاکستانی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کی مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کے بعد صارفین کی جانب سے کرکٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
کچھ عرصہ قبل ثانیہ اشفاق نے کھلاڑی پر بدسلوکی، ذہنی دباؤ اور بچوں سے لاتعلقی جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد عماد وسیم نے سابقہ اہلیہ کو متنبہ کیا تھا کہ وہ اس معاملے میں ان کی موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ کو نہ لائیں۔
اب عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی مبینہ لیک آڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے۔
اس مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں عماد وسیم، ثانیہ اشفاق، اہلِ خانہ اور پولیس کے درمیان ہونے والی گفتگو سنی جاسکتی ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس مبینہ آڈیو کی دونوں شخصیات نے اب تک تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
اس وائرل آڈیو میں مبینہ طور پر ثانیہ اشفاق اپنے بچوں کی خاطر عماد وسیم سے رشتہ بچانے کی درخواست کرتی سنائی دیتی ہیں، اس کے علاوہ بچوں کے رونے کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں۔
آڈیو میں مبینہ طور پر عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق بچوں کی کسٹڈی کے حوالے سے گفتگو کرتے سنائی دے رہے ہیں جب کہ ثانیہ یہ کہتی سنائی بھی دے رہی ہیں کہ میں لندن سے اپنا رشتہ بچانے آئی ہوں، میں اکیلی 3 بچوں کی کفالت کیسے کروں گی۔
آڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین ثانیہ اشفاق سے اظہارِ ہمدردی کر رہے ہیں، اس معاملے پر سوشل میڈیا پر مختلف ردِعمل بھی سامنے آئے ہیں۔
پاکستانی اداکارہ ارمینہ رانا خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مردوں کو کبھی کسی عورت کا ساتھ نصیب نہ ہو۔
اس کے علاوہ اداکارہ حرا سومرو نے لکھا کہ آخر اکثر مرد ایسا کیوں کرتے ہیں؟
ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ آڈیو سن کر میرا دل ٹوٹ گیا اور میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
