وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلوں کے خطرات سےنبرد آزما ہونے کےلیے وفاقی اور صوبائی سطح پر تعاون کو ناگزیر قرار دے دیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت مون سون کی تیاری اور ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے نظام پر جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، موسمی تغیرات کے خطرات سے نبرد آزما ہونے کےلیے وفاقی اور صوبائی سطح پر تعاون ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے وزیر موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو اس ہفتے صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا دورہ اس لیے ہوگا کہ مون سون کی پیشگی تیاری مکمل کی جا سکے، وزیرپلاننگ کی زیر نگرانی نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اور متعلقہ وزارتوں کی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی بنےگی جو صوبائی متعلقہ اداروں سے عملی تعاون کے لیے کام کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا وزیرخزانہ مون سون کی ممکنہ تباہی کی صورت میں ہنگامی فنڈ کیلئے پیشگی تیاری کریں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور خطرات سے بچاؤ کےلیے اقدامات جامع روڈ میپ کے تحت ترتیب دیے جائیں۔
